کے پی، جی بی اور آزاد کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے تباہی، 78 افراد جاں بحق
ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کے ساتویں اسپیل نے شدید تباہی مچادی۔ خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث 78 افراد جاں بحق، متعدد لاپتا اور کئی مکانات تباہ ہوگئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ سمیت مختلف اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے 60 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 40 مرد، 8 خواتین اور 12 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 13 مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
بارشوں اور فلش فلڈ سے 35 مکانات کو نقصان پہنچا، جن میں 28 جزوی اور 7 مکمل طور پر منہدم ہوگئے۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع باجوڑ اور بٹگرام ہیں جہاں ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے، متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے، اور بند شاہراؤں و رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں کو موسمی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید بھی کی گئی ہے۔