آزاد کشمیر میں ساتواں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم
ایس سی او نے آزاد کشمیر کے علاقے ڈڈیال میں جدید سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کر دیا جو خطے میں ڈیجیٹل انقلاب کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔یہ پارک آزاد کشمیر میں 50 آئی ٹی مراکز کے قیام کے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت ڈڈیال میں قائم ہونے والا یہ ساتواں فعال ٹیکنالوجی پارک بن گیا ہے۔ اس سے قبل یہاں 20 فری لانسنگ ہبز پہلے ہی کام کر رہے ہیں۔
ڈڈیال سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں جدید ترین آئی ٹی سہولیات، تیز رفتار انٹرنیٹ اور اسٹارٹ اپس کے لیے انکیوبیشن مراکز موجود ہیں۔یہ پارک نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی آئی ٹی ماہرین، کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کے لیے ترقی کی راہیں کھولے گا۔مقامی سافٹ ویئر انجینئر شہزاد علی نے کہا کہ ہم سب یہاں فری آف کاسٹ کام کر رہے ہیں،
اس پارک سے میں اور میری ٹیم بہت مستفید ہو رہے ہیں۔ڈڈیال کے عوام نے ایس سی او کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے کے نوجوانوں کو عالمی ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔