معیشت مضبوط اور ملک درست سمت میں جا رہا ہے، سروے
پسوس پاکستان کے حالیہ سروے میں حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جنکا خیال ہے کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے، اور معیشت بھی بہت مضبوط ہو رہی ہے۔تازہ سروے میں چاروں صوبوں ، وفاق، گلگت بلتستان، اور آزاد کشمیر کے لوگوں سے حالیہ ملکی سیاسی حالات و واقعات سے متعلق سوالات پوچھے گئے۔سروے میں پوچھا گیا کہ آپکے خیال میں کیا پاکستان کے حالات درست سمت میں جا رہے ہیں یا غلط سمت میں؟سروے کے مطابق حکومتی پالیسیوں پراعتماد کرنے والوں کی تعداد بارہ فیصد سے بڑھ کر اٹھارہ فیصد ہوگئی ہے جب کہ پاکستان کی سمت درست سمجھنے والوں کی تعداد میں بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سروے میں پاکستان میں مہنگائی کو بڑا مسئلہ سمجھنے والوں کی تعداد کم ہوکر 34 فیصد رہ گئی ہے
جو گزشتہ3 برس کی سب سے کم شرح ہے اور ملک کی معاشی حالت کو مضبوط سمجھنے والوں کی تعداد بھی چار گنا اضافے کیساتھ چار فیصد سے بڑھ کر سولہ فیصد ہوگئی ہے۔نئے سروے کےمطابق اپنے لیے روزانہ کی گھریلوخریداری آسان سمجھنے والوں کی تعداد بھی چار فیصد سے بڑھ کر دس فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ایسے پاکستانیوں کی تعداد بھی گیارہ فیصد سے بڑھ کر پندرہ فیصد ہوگئی ہے جو خود کو سیونگز کیلئے پُراعتماد سمجھتے ہیں۔سروے کے مطابق اپنی ملازمت محفوظ سمجھنے والوں کی تعداد بھی بارہ فیصد سے بڑھ کر پندرہ فیصد ہوگئی ہے جب کہ ملک میں صارفین کے اعتماد کے اشاریے میں آٹھ مثبت پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جسکے بعد مجموعی طور پر صارفین کے اعتماد کا موجودہ اشاریہ تین سال کا سب سے بہترین آؤٹ لُک ہے۔