یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھا لیا

یوسف رضا گیلانی نے چیئرمین سینیٹ کا حلف اٹھا لیا

یوسف رضا گیلانی اور سیدال ناصر بلا مقابلہ چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہو گئے ہیں۔اسلام آباد میں جاری سینیٹ کا اجلاس دن ساڑھے 12 بجے تک ملتوی ہو گیا ہے۔ اجلاس میں نو منتخب سینیٹرز نے حلف اٹھا لیا ہے۔ وقفے کےبعد جب سینیٹ کا اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو پر یزائڈنگ افسراسحاق ڈار نے یوسف رضا گیلانی ارو سید ال ناصر کے بلامقابلہ منتخب ہونے کا اعلان کیا اور سید یوسف رضا گیلانی سے ان کے عہدے کا حلف لیا ۔ جس کےبعد نومنتخب چئیرمین یوسف رضا گیلانی نے مختصر خطاب کیا اور ڈپٹی چئیرمین سید ال ناصر سے حلف لیا۔ جس کے بعد سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے یوسف رضا گیلانی کو چئیرمین سینیٹ اور سیدال خان ناصر کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سینیٹ کے چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کےانتخابات جمہوری عمل کا تسلسل ہیں۔ وزیراعظم نے اپنے تہنیتی پیغام میں مزید کہا ’امید ہے کہ آپ آئین کی سربلندی اور ملکی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ امید ہے کہ آپ عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے مؤثر قانون سازی میں بھر پور کردار ادا کریں گے۔‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ’وفاقی اکائیوں کی مضبوطی اور جمہوری اقدار کی پاسداری کے لیے سینیٹ کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔‘
صدر آصف علی زرداری کا طلب کردہ سینیٹ اجلاس پریزائیڈنگ افسر اسحق ڈار کی زیر صدارت شروع ہوا تو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینیٹر بھی ایوان بالا پہنچے، اور ان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں