بلال بن ثاقب کرپٹو کونسل کے چیف ایڈوائزر مقرر
اسلام آباد: پاکستان نے کرپٹو کرنسی کو ضابطے میں لانے اور بلاک چین ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے بلال بن ثاقب کو پاکستان کرپٹو کونسل کے لیے وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا ہے۔فنانس ڈویژن کے مطابق، یہ تقرری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب پاکستان ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور مالیاتی نظام کو محفوظ و شفاف بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہا ہے۔
بلال بن ثاقب، جو فوربز کی جانب سے تسلیم شدہ ویب 3 انویسٹر اور بلاک چین کے اسٹریٹجک ایڈوائزر ہیں، 1632 ویں پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔ انہیں 2023 میں برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز کے لیے نمایاں خدمات پر ایم بی ای (ممبر آف دی برٹش ایمپائر) ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
چیف ایڈوائزر کے طور پر، بلال بن ثاقب کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی کو پاکستان کے مالیاتی نظام میں مؤثر طریقے سے شامل کرنے کے لیے حکومت کو مشورے فراہم کریں گے۔ ساتھ ہی، وہ مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے حکومتی فیصلوں اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے وزارت خزانہ کی رہنمائی بھی کریں گے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے کرپٹو سیکٹر میں جدت اور ترقی کے امکانات کو مزید بڑھائے گا اور ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوگا۔
بلال بن ثاقب نے اپنے تبصرے میں کہا کہ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بے شمار مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ ایک مؤثر حکمت عملی اور ریگولیٹری فریم ورک کے ساتھ، پاکستان نہ صرف اپنی معیشت کو فروغ دے سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک اہم ڈیجیٹل معیشت کے طور پر ابھر سکتا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق، بلال بن ثاقب کی تقرری پاکستان کو کرپٹو کرنسی کے شعبے میں ایک علاقائی لیڈر بنانے اور اس سے جڑے معاشی و سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک اہم پیشرفت ہے۔