ترک صدر کی وزیراعظم ہاؤس آمد، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔وزیراعظم ہاؤس آمد پر شہباز شریف نے ترک صدر اور خاتون اول کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں سلامی بھی دی گئی، دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی پیش کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان خصوصی کو وفاقی کابینہ کے اراکین سے فرداً فرداً ملاقات بھی کروائی بعد ازاں ترک صدر رجب طیب اردوان سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی ملاقات کی اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس کے علاوہ ترک صدر کو ایف سولہ طیاروں کی فارمیشن نے فلائی پاسٹ پیش کر کے معزز مہمان کو سلامی دی۔
گزشتہ روز رات دیر گئے ترک صدر خاتون اول اور سرمایہ کاروں اور تاجر رہنماؤں کے ہمراہ نور خان ائیر بیس پہنچے تھے جہاں صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی تھی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم ترک صدر اور خاتون کا پرتپاک خیر مقدم کرتی ہے، صدر اردوان کی قیادت میں پاک ترک برادرانہ تعلقات مضبوط ترہوتے جارہے ہیں۔ترک صدر رجب طیب اردوان کی پاکستان آمد پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ صدر اردوان بصیرت والے سیاست دان ہیں جنہوں نے ترکیے کو بدل دیا،صدر اردوان کی قیادت میں پاک ترک برادرانہ تعلقات مضبوط ترہوتے جارہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر اردوان کےدورے پرمضبوط تعلقات کومزید بلندیوں تک پہنچانے کےخواہشمندہیں۔واضح رہے کہ پرائم منسٹر شہباز شریف کی دعوت پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان گزشتہ رات 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم نے نورخان ایئربیس پر ترکیہ کے صدر کا استقبال کیا۔اسکےعلاوہ نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے استقبال کے لیے موجود رہے۔
اعلامیے کے مطابق پاک-فضائیہ کے جے ایف 17طیارے ترکیہ کے صدر کے جہاز کو حصار میں اسلام آباد لائے، پاکستان کی فضائی حدود میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فضائی استقبال کیا۔ملٹری بینڈ نے بھی روایتی انداز میں ترک صدر کا استقبال کیا، روایتی لباس میں ملبوس اسکول کے بچوں نے ترک صدر کو خوش آمدید کہا، صدر رجب طیب اردوان کی آمد پر ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔سرکاری ٹی وی پی ٹی وی نیوز کے مطابق ترکیہ کے صدر پاک۔ترکیہ بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے بھی خطاب کریں گے،
بزنس فورم میں کاروباری شخصیات، سرمایہ کار کمپنیوں کے نمائندے اور سربراہان شریک ہونگے۔اسکے علاوہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مختلف شعبہ جات میں معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہونگے.قبل ازیں، ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ دورے کے دوران شہباز شریف اور صدر اردوان پاک ترک اعلیٰ سطح کے اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کرینگے