این ڈی ایم اے کا سخت انتباہ: ملک بھر میں طوفان اور شدید بارشوں کا خطرہ

این ڈی ایم اے کا سخت انتباہ: ملک بھر میں طوفان اور شدید بارشوں کا خطرہ

این ڈی ایم اے کا سخت انتباہ: ملک بھر میں طوفان اور شدید بارشوں کا خطرہ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں طوفان، تیز ہوائیں اور شدید بارشیں متوقع ہیں جو مختلف علاقوں میں مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آج شام 6 بجے سے رات 11 بجے تک اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی، طوفان، موسلادھار بارشوں کے ساتھ ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ساتھ ہی خیبرپختونخوا، شمالی پنجاب اور جنوب مشرقی پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی ژالہ باری، آندھی اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور، چارسدہ، صوابی اور مردان میں موسمی شدت کے باعث ژالہ باری، آندھی اور بارشیں متوقع ہیں، جبکہ جنوبی پنجاب کے رحیم یار خان اور صادق آباد کے علاقوں میں بھی طوفان اور شدید بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آزاد جموں و کشمیر کے مظفرآباد اور وادی نیلم میں طوفان، آندھی اور بارش کی شدت بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں بارش لینڈ سلائیڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ حکومتی اور ایمرجنسی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل تیار رہیں اور پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ موسمی شدت کے دوران اپنی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں طوفان اور بارش کے دوران خطرات بڑھ جاتے ہیں، سفر سے گریز کریں۔ تیز ہواؤں اور طوفان کے دوران کمزور عمارات، درختوں اور بل بورڈز سے دور رہیں تاکہ کسی قسم کا حادثہ پیش نہ آئے۔

مزید برآں، این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ اس موسمی صورتحال کی وجہ سے کھڑی فصلوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا امکان ہے، لہذا تمام متعلقہ افراد محتاط رہیں۔

عوام کو موسمی اپڈیٹس اور حفاظتی رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے تاکہ بروقت اطلاع مل سکے اور حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں