ژالہ باری سے تباہ حال گاڑیاں، کار کمپنیوں کا بڑا ریلیف پیکج سامنے آگیا
راولپنڈی اور اسلام آباد میں بدھ کے روز اچانک طوفانی ژالہ باری نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ بڑے بڑے اولوں نے نہ صرف شہریوں کو پناہ لینے پر مجبور کیا بلکہ کھلے آسمان تلے کھڑی سینکڑوں گاڑیوں کا حلیہ بگاڑ دیا۔ گاڑیوں کی ونڈ شیلڈز ٹوٹ گئیں، باڈی دُھڑم سے بیٹھ گئی، اور نقصان کا تخمینہ لاکھوں روپے میں لگایا جا رہا ہے۔
ایسے میں بڑی گاڑی ساز کمپنیاں فوری طور پر میدان میں آ گئیں تاکہ اپنے صارفین کے نقصان کا ازالہ کر سکیں۔
ہیول کا پہلا قدم: 40 فیصد رعایت
ہیول کمپنی نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ژالہ باری سے متاثرہ گاڑیوں کی مرمت — خاص طور پر ونڈ اسکرینز اور باڈی پارٹس — پر 40 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ کمپنی نے اپنے صارفین سے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں تنہا نہیں، ہیول ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
چنگان بھی ساتھ: 50 فیصد لیبر چارج رعایت
چنگان پاکستان نے بھی اپنی گاڑیاں رکھنے والوں کے لیے ایک بڑا اعلان کر دیا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے صارفین 20 اپریل 2025 تک کسی بھی مجاز چنگان ڈیلر سے اپنی گاڑی کی مرمت پر لیبر چارجز میں 50 فیصد رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔ کمپنی نے متاثرہ افراد کو مشورہ دیا کہ اپنی گاڑی کو دوبارہ اصل حالت میں واپس لانے کا یہ موقع ضائع نہ کریں۔
ہونڈا کا اعتماد: 20 فیصد ڈسکاؤنٹ
ہونڈا پاکستان نے بھی پیچھے نہ رہتے ہوئے اعلان کیا کہ ژالہ باری سے متاثرہ ہونڈا گاڑیوں کی مرمت پر 20 فیصد رعایت دی جائے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کے ماہرین گاڑیوں کو اصل حالت میں لانے کے لیے تیار ہیں، تاکہ صارفین جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔