ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، این ای او سی کا الرٹ جاری

ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، این ای او سی کا الرٹ جاری

اسلام آباد: نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC) نے پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں، ممکنہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پنجاب کے متعدد اضلاع بشمول سرگودھا، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد، لاہور اور نارووال میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جب کہ جنوبی پنجاب کے علاقوں ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور رحیم یار خان میں درمیانے درجے کی بارشوں سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع کوہستان، سوات، ملاکنڈ، دیر، بونیر اور ملحقہ علاقوں میں بھی ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے۔ دریائے سوات، پنجکوڑہ، بارہ اور کلپانی نالے میں اضافی پانی کے باعث دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر بہاؤ میں تیزی آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

چترال، بونی اور ریشون کے علاقوں میں برفانی گلیشئرز کے پگھلنے اور ممکنہ بارشوں کی وجہ سے دریائے چترال کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب گلگت، اسکردو، ہنزہ، شگر، مظفرآباد، وادی نیلم اور باغ میں بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد اور دیگر شہری علاقوں میں بھی شہری سیلاب (Urban Flooding) کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.