پنجاب پر بارشوں کا نیا طوفان، گرج چمک اور تیز ہواؤں نےہلچل مچا دی
لاہور: پنجاب بھر میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں نے گرمی اور حبس کا زور توڑ دیا، تاہم بارش کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔
لاہور، ساہیوال، وہاڑی، پیرمحل، چیچہ وطنی، جڑانوالہ، اوکاڑہ، شجاع آباد، بورے والا، پتوکی، ننکانہ صاحب سمیت متعدد شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، لیکن نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔
شدید بارش کے دوران کئی شہروں میں بجلی کے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے، وہاڑی، چیچہ وطنی اور پتوکی میں بجلی بند ہونے سے کاروباری سرگرمیاں متاثر رہیں جبکہ شہریوں نے بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔
لاہور کے کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام رہا، جبکہ شجاع آباد اور پیرمحل میں ندی نالوں میں طغیانی کے باعث گھروں میں پانی داخل ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ مون سون کے اختتامی مرحلے کا حصہ ہے جو آئندہ 24 سے 48 گھنٹے تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ اگلے دو روز کے دوران لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برقی تنصیبات کے قریب احتیاط برتیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم تو خوشگوار ہوا مگر انتظامی کمزوریوں نے سارا لطف کرکرا کر دیا۔