پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم عظیم لوگ ہیں،صدر ٹرمپ

پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم عظیم لوگ ہیں،صدر ٹرمپ

کوالالمپور (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، جس سے خطے میں امن کے امکانات بڑھے ہیں۔

ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان امن معاہدے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ان ممالک کے درمیان امن قائم کرانے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں ختم کی گئیں، جبکہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تنازع بھی جلد حل ہوگیا۔

صدر ٹرمپ نے کہا، “پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیراعظم عظیم لوگ ہیں، جنہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے قابلِ تعریف کردار ادا کیا۔”

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان کے ایشیا کے دورے کا مقصد جنگ نہیں بلکہ تجارت ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ چین، جاپان اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے تاکہ اقتصادی تعاون اور علاقائی ترقی کے نئے امکانات پر بات چیت ہو سکے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل امریکا ایک کمزور ملک تھا، لیکن اب دنیا کی مضبوط ترین طاقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا، “جنگیں ختم کرانا میرا مشغلہ نہیں، لیکن میں اس میں اچھا ہوں اور یہ کام مجھے پسند ہے۔ اقوامِ متحدہ کو یہ کردار ادا کرنا چاہیے تھا، مگر چونکہ وہ فعال نہیں، اس لیے میں نے یہ ذمہ داری لی ہے۔”

ملائیشیا روانگی سے قبل ٹرمپ نے اس عزم کا اظہار بھی کیا تھا کہ وہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کے لیے تیار ہیں، اور انہیں امید ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات کے بعد تجارتی معاہدے طے پانے سے مزید محصولات سے بچا جا سکے گا۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.