تنازع کے باوجود، ایمرٹس کا عالمی نیٹ ورک متحرک اور محفوظ رہا
اسلام آباد:عالمی شہرت یافتہ ایئرلائن ایمرٹس نے 23 جون کو خطے میں پیش آنے والی کشیدہ صورتحال کے بعد چند ہی گھنٹوں میں اپنی تمام پروازیں بحال کر کے اپنی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت اور مؤثر ہنگامی حکمت عملی کا عملی مظاہرہ کیا۔
مختصر تعطل کے باوجود، ایمرٹس نے اپنی پروازوں کا رخ موڑنے کے بجائے صرف کچھ پروازیں منسوخ کیں اور چند پروازوں نے فضائی ٹریفک کے دباؤ کے باعث متبادل طویل راستے اختیار کیے۔ تاہم، ایئرلائن نے اپنا مکمل نیٹ ورک تقریباً بلا تعطل جاری رکھا، جس کے دوران پچھلے دو ہفتوں میں 5,800 سے زائد پروازوں کے ذریعے 17 لاکھ مسافروں کو ان کی منزل پر پہنچایا گیا۔
ایمرٹس نے فوری حفاظتی اقدامات کے تحت صرف اُن علاقوں کی پروازیں معطل کیں جو براہِ راست تنازع کی زد میں تھے، جن میں عمان اور بیروت کے لیے پروازیں شامل تھیں، تاہم یہ بھی جلد بحال کر دی گئیں۔ ایئرلائن نے اپنے مسافروں کو محفوظ اور پُراعتماد سفر کی سہولت مہیا کرنے کے لیے عالمی ضوابط کے مطابق پروازوں کا رخ محفوظ متبادل راستوں کی طرف موڑ دیا۔
ایمرٹس کا کہنا ہے کہ ایئرلائن کسی بھی پرواز کو روانہ کرنے سے قبل اس کی مکمل حفاظت کو یقینی بناتی ہے۔ ایوی ایشن حکام سے قریبی رابطے، مسلسل صورتحال پر نظر، اور پیشگی خطرات کا جائزہ لینا اس کے پروٹوکول کا حصہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایمرٹس اپنے مسافروں کے لیے ایک پُرآسائش، محفوظ اور بروقت فضائی تجربہ مہیا کرتی ہے۔
مزید برآں، کمپنی نے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے مسافروں کو باقاعدگی سے معلومات فراہم کیں، جبکہ ریزرویشن ٹیموں نے متاثرہ مسافروں کو متبادل انتظامات میں مدد دی۔
ایمرٹس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ گرمیوں کے تعطیلاتی سیزن کے دوران مسلسل تمام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری، ذمہ دارانہ اور مؤثر ردعمل جاری رکھے گی۔ متحدہ عرب امارات کی قیادت کی جانب سے فراہم کردہ مضبوط بنیادی ڈھانچے نے ایمرٹس کو ایسے چیلنجز میں بھی پُراعتماد، فعال اور قابلِ بھروسہ ایئرلائن بنا دیا ہے۔