بلوچستان میں مسافر کوچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائینگے

بلوچستان میں مسافر کوچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائینگے

کوئٹہ: سیکرٹری پروانشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی بلوچستان، وحید شریف عمرانی کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کے مسافر کوچوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور ریکارڈنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ یونین کے عہدیداران اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ شرکاء نے صوبے میں مسافر کوچوں کی سیکورٹی اور نگرانی کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام مسافر کوچوں میں جدید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور ان کی ریکارڈنگ محفوظ رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری کارروائی ممکن ہو۔

سیکرٹری ٹرانسپورٹ وحید شریف عمرانی نے کہا کہ مسافروں کا تحفظ حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمرے اور ریکارڈنگ سسٹم کے نفاذ سے نہ صرف سیکورٹی میں بہتری آئے گی بلکہ حادثات، جرائم اور دیگر مسائل کی صورت میں فوری رسپانس ممکن ہوگا۔

مزید برآں، اس نظام کی مؤثر نگرانی کے لیے ایک مرکزی مانیٹرنگ سیل قائم کیا جائے گا جو کوچوں کی نقل و حرکت اور ریکارڈنگ کی باقاعدہ جانچ کرے گا۔ ٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سیکرٹری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ اس فیصلے پر فوری عملدرآمد کریں تاکہ آنے والے چند ہفتوں میں یہ نظام صوبے بھر میں مکمل طور پر فعال ہو سکے۔

Author

You might also like
Leave A Reply

Your email address will not be published.