جعفر ایکسپریس پھر نشانہ، شکارپور کے قریب دھماکے سے پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں
شکارپور : سندھ کے ضلع شکارپور کے قریب سلطان کوٹ کے مقام پر ریلوے ٹریک پر زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
اطلاعات کے مطابق ٹرین پشاور سے کوئٹہ جا رہی تھی۔ دھماکے کے باعث کئی مسافروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جب کہ پاکستان ریلویز کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ 23 ستمبر کو بھی جعفر ایکسپریس کو کوئٹہ کے قریب ڈیگاری کراس سپیذنٹ اسٹیشن کے مقام پر اسی نوعیت کے دھماکے کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں انجن سمیت پانچ کوچز ڈی ریل ہوئی تھیں۔
دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کی شدید مذمت کی اور آئی جی سندھ سے مکمل رپورٹ طلب کر لی۔
انہوں نے کمشنر لاڑکانہ کو ہدایت دی کہ زخمی مسافروں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، جب کہ ریسکیو ٹیموں کو متاثرین تک بروقت امداد پہنچانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔
آئی جی سندھ کے مطابق پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔