پی ٹی آئی سنجیدہ ہو تو مذاکرات کو تیار ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر اپوزیشن سنجیدگی کے ساتھ بات چیت چاہتی ہے تو حکومت بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم غیر قانونی مطالبات اور بلیک میلنگ کے تحت کسی قسم کی بات چیت ممکن نہیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، اگر وہ واقعی سنجیدہ ہیں تو حکومتِ پاکستان ڈائیلاگ کے لیے آمادہ ہے۔ انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ صرف جائز اور آئینی معاملات پر ہی مذاکرات آگے بڑھ سکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمان میں متعدد بار یہ بات دہرا چکے ہیں کہ قومی مفاد میں مذاکرات ہوسکتے ہیں، مگر دباؤ، غیر آئینی شرائط اور بلیک میلنگ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے۔