یوتھ پروگرام، قرض کی حد 15 لاکھ کرنیکا اعلان
پرائم منسٹر شہباز شریف نے یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم بڑھا کر پندرہ لاکھ کرنیکی ہدایت کر دی۔شہباز شریف کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے درجے (SMEs) کے کاروبار کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایس ایم ایز کی ترقی و سہولت کے لئے حکومتی اقدامات پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔دوران اجلاس وزیراعظم نے چھوٹے پیمانے کے کاروبار کیلیے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت قرض کی رقم کو پانچ لاکھ سے بڑھا کر پندرہ لاکھ کرنیکی ہدایت کی
جب کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولیات کی فراہمی کیلیے انکا تفصیلی سروے جلد مکمل کرنیکا بھی حکم دیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو دی جانیوالی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنیکے لیے ترقی یافتہ ممالک کے ماڈلز کا اطلاق یقینی بنایا جائے، چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں خواتین انٹر پرونیورز کیلیے خصوصی پیکیج تشکیل دے کر جلد پیش کیا جائے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افرادی قوت کو کاروبار کی ترغیب دینے کیلیے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولت دینے کے لیے پر عزم ہیں، دنیا بھر میں ایس ایم ایز معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت رکھتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ایس ایم ایز کو فروغ دے تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو، حکومت نوجوانوں اور خواتین آنٹرپرونیورز کو اس قدر با اختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے کہ وہ نہ صرف خود روزگار کمائیں بلکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کریں۔