ناروے جانے کے خواہشمند افراد کے لئے اہم خبر
روزگار کیلئے ناروے جانیوالے غیر ملکیوں کیلیے ناروے کے حکام نے سیزنل ورک ویزا سسٹم کو اپڈیٹ کیا ہے اور یہ تبدیلیاں 2025 سے نافذ العمل ہونگی.حکام کا کہنا ہے کہ درخواست دہندگان کیلیے ضروری ہوگا کہ وہ ناروے میں ملازمت حاصل کریں اور انھیں مشورہ دیا جاتا ہے کہ جیسے ہی انھیں روزگار ملے، وہ اپنی درخواست جمع کروانے کا عمل شروع کریں۔ناروے میں قیام کے دوران رہائش، آمدنی کی ایک مخصوص حد، صحت اور انشورنس کا انتظام کرنا لازمی ہوگا۔شینگن نیوز کی رپورٹ کے مطابق ناروے کا سیزنل ورک ویزا پروگرام جو ہزاروں غیر ملکی مزدوروں کو ملازمت کے مقاصد کیلیے ناروے آنیکا موقع فراہم کرتا ہے،
میں نئے قواعد شامل کئے گئے ہیں جو نئے سال کے آغاز سے نافذ کردیے جائینگے.رپورٹ کے مطابق مذکورہ نئے قوانین کے تحت درخواست کیلیے اہلیت، اسکے تقاضوں اور ان ملازمتوں کی اقسام پر اثر انداز ہوںگی جو اس اسکیم میں شامل ہیں، تاہم یہ پروگرام کچھ خاص قسم کے مزدوروں پر لاگو ہوگا اور ویزا کے حاملین کو دوبارہ درخواست دینے سے پہلے کم از کم چھ ماہ ناروے کی حدود سے باہر گزارنا ہونگے.اس ویزا اسکیم میں ہر قسم کی کیٹیگری کے مزدور درخواست نہیں دے سکتے جیسے کہ کارپینٹر، پینٹنگ اور دیگر ایسے پیشوں سے وابستہ افراد اسکے اہل نہیں ہونگے.
لیکن ایسے درخواست دہندگان جو سیزنل ڈیمانڈ سے متعلقہ کردار رکھتے ہیں، جیسے کہ فصلیں کاٹنا، درخت لگانا، لکڑی کاٹنے کے کام، سیاحت اور تعمیرات کے شعبے کی ملازمتوں کے خواہشمند اس اسکیم کے تحت درخواست دے سکتے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک بار جب یہ واضح ہوجائے گا کہ جو امیدوار اس ویزا کیلیے اہل ہوگا تو اس کیلیے کچھ قواعد و ضوابط پر عمل کرنا ضروری ہوگا۔اس سلسلے میں ناروے کی ایک رجسٹرڈ کمپنی میں ملازمت حاصل کرنا پہلا قدم ہے، روزگار کے مواقع ملنے کے بعد امیدوار کو ناروے میں قیام کے دوران اپنی رہائش کا ثبوت پیش کرنا ہوگا۔مالی وسائل کی موجودگی جو کہ امیدوار کے قیام کے دوران انکی ضروریات پوری کریں، کا ثبوت فراہم کرنا بھی لازمی ہوگا۔اسکے علاوہ اپنی صحت کی انشورنس لینا ناروے میں قیام کے دوران لازمی ہوگا۔
درخواست کا عمل نارویجن ڈائریکٹوریٹ آف امیگریشن یا قریبی سفارت خانے کے ذریعے درکار دستاویزات جمع کرانے اور بایومیٹرکس اپائنٹمنٹ سے شروع ہوگا۔ناروے کے حکام خبردار کرتے ہیں کہ تعطیلات کے رش کی وجہ سے تاخیر ہوسکتی ہے، اس لئے درخواست دہندگان کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ انکی درخواست کو پروسیس ہونے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔مزید یہ کہ امیدواروں کو جلد از جلد اپنی درخواست شروع کرنیکا مشورہ دیا گیا ہے، یعنی ملازمت حاصل کرنیکے فوراً بعد دستاویزات تیار کریں۔اپنی درخواست کی تمام ضروری کاغذات کی جانچ پڑتال کرنا بہت ضروری ہے تاکہ وقت بچایا جاسکے اور تاخیر سے بچا جاسکے۔ناروے کی وزارت برائے محنت و سماجی شمولیت پہلے ہی بیان کرچکی ہے کہ چھ ہزار رہائشی اجازت نامے جاری کئے جائینگے جب کہ مزدوروں کی تعداد بھی قابل ذکر ہوگی کیونکہ انکی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔