بلوچستان میں گزشتہ چند گھنٹوں میں کتنے دھماکے ہوئے؟جانیے

بلوچستان میں گزشتہ چند گھنٹوں میں کتنے دھماکے ہوئے؟جانیے

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ کچھ گھنٹوں کے دوران متعدد دھماکے ہوئے جس میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ریلوے ٹریکس کو نشانہ بنایا گیا تاہم اس میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔نجی نیوز چینل کے مطابق بلوچستان میں سریاب کے علاقے کیچی بیگ کی حدود میں دیوار کے ساتھ دھماکا ہوا۔پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

اسکے علاوہ سبی میں نشتر روڈ کے ترین چوک پر دستی بم کا دھماکا ہوا جس میں نامعلوم شخص ترین چوک پر چیکنک کرنیوالے اہلکاروں پر دستی بم پھینک کر فرار ہو گیا۔پولیس کے مطابق دستی بم پولیس اہلکاروں کے قریب گر کر پھٹ گیا لیکن اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر چیکنگ شروع کردی ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سبی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔اسی طرح تربت میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ دھماکوں کیساتھ فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق دھماکوں کی جگہ کا تعین کیا جارہا ہے۔ان 3شہروں کے علاوہ گوادر میں بھی نامعلوم مسلح افراد نے جیوانی میں پولیس تھانے پر حملہ کیا۔پولیس کے مطابق حملہ ایرانی سرحد سے پندرہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سینٹر تھانے پر کیا گیا جس میں پولیس تھانے کیساتھ کھڑی دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔اسکے علاوہ مستونگ میں بائی پاس کے علاقے میں ریلوے ٹریک کے ساتھ دھماکا ہوا جہاں نامعلوم افراد نے ٹریک کے ساتھ دھماکا خیز مواد نصب کیا تھا۔انتظامیہ کے مطابق دھماکے سے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں