کسٹمز کے بنیادی فنکشنز کی بزنس پراسسنگ میپنگ مکمل

کسٹمز کے بنیادی فنکشنز کی بزنس پراسسنگ میپنگ مکمل کر لی: ایف بی آر

کسٹمز کے بنیادی فنکشنز کی بزنس پراسسنگ میپنگ مکمل کر لی: ایف بی آر

پاکستان کسٹمز نے عالمی بینک کے مالی تعاون سے کسٹمز آپریشنز کو بہتر بنانے کے لئے شروع کئے جانے والے پراجیکٹ کے پہلے پانچ ماہ کے دوران اپنے بنیادی فنکشنز کی بزنس پراسسنگ میپنگ مکمل کرنے میں کامیابی حا صل کرلی ہے۔ یہ منصوبہ اپریل 2021 میں ڈیزائن کیا گیا تھا لیکن اس پر عمل درآمد دسمبر 2023 میں شروع ہوا۔ اس منصوبے میں کسٹمز ایڈمنسٹریشن میں گلوبل لیڈرز کی حیثیت رکھنے والی کمپنیوں KGH اورMAERSK کے ٹیکنیکل ماہرین ایف بی آر کی طرف سے کسٹمز کی مختلف ذمہ داریوں کے لئے نوٹیفائی کئے جانے والے سولہ ورکنگ گروپس کے ذریعے اشتراک کررہے ہیں۔

پاکستان کسٹمز نے 2005 سے اپنے آپریشنز کو ڈیجیٹائز کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ مقامی طور پرتیار کردہ WeBOC سسٹم ایف بی آر کو سالانہ ہدف کے 45 فیصد سے بھی زیادہ محصولات جمع کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اس نظام کی بدولت درآمدات، برآمدات اور ٹرانزٹ ٹریڈ کو پیپر لیس ماحول میں ہینڈل کرنے کے ساتھ ساتھ قومی تجارتی پالیسی لاگو کرنے میں مدد ملتی ہے۔ WeBOC سسٹم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کسٹمز نے پاکستان کو اس قابل بنادیا ہے کہ وہ پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے سرحد پار تجارت کے پورے ایکو سسٹم کو آسان بنانے اور ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ترقی یافتہ ممالک کو بھی پیچھے چھوڑ سکے۔

حکومتی سطح پر سب سے زیادہ ڈیجیٹائزڈ اداروں میں سے ایک ہونے کے باوجود پاکستان کسٹمز بڑھتی ہوئی سرحد پار تجارت اور ٹرانزٹ سپلائی چین کی عالمگیریت، مینوفیکچرنگ کے جغرافیائی پھیلاؤ اور بلاک چین، اے آئی اور بگ ڈیٹا جیسی تیزی سے تبدیلیاں لانے والی ٹیکنالوجیز کو اپنانے سے درپیش چیلنجوں سے بخوبی آگاہ ہے۔ پاکستان کسٹمز کا روایتی کردار اب تجارتی سہولت کاری، علاقائی روابط، بارڈر کنٹرول اور اقتصادی ترقی میں تبدیل ہورہا ہے۔

اس کلیدی منصوبے کے اگلے مرحلے میں میپنگ کے سارے عمل کو WTO ،WCO اور اقوام متحدہ کے تجویز کردہ عالمی معیارات اوردنیا کی معروف کسٹمز ایڈمنسٹریشنز کے اختیار کردہ بہترین طریقوں کے مطابق ری ڈیزائن کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ پاکستان کسٹمز کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے علاوہ پاکستان کسٹمز کے قانونی فریم ورک، تنظیمی ڈھانچے اور آپریشنل ماڈل کو ازسر نو ترتیب دے گا۔ رسک مینجمنٹ اور کلیئرنس کے بعد آڈٹ کی صلاحیت کی اپ گریڈیشن، ٹیکنالوجی کا استعمال اور غیر ضروری کاموں کا خاتمہ کسٹمز کو اپنے وسائل کا رخ زیادہ اہم کاموں کی طرف موڑنے کے قابل بنائے گا۔

کسٹمز ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ میں جدید ترین ہائپر آٹومیشن ٹولزکی تنصیب شامل ہے جس کی بدولت پاکستان سنگل ونڈو کمپنی، پاکستان کسٹمز کی نامزد امپلی منٹیشن پارٹنر کے طور پرزیادہ تیزی سے ایک نیا کسٹمز ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم تیار کر سکے گی۔اس سے کسٹمز کو اپنے پرانےWeBOC سسٹم کو زیادہ مضبوط اور جامع ڈیجیٹل سسٹم سے تبدیل کرنے میں مدد ملے گی جس سے کاروبار کرنے میں آسانیاں مہیا کی جا سکیں گی۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں