ٹیکس چوروں کے خلاف بڑا اقدام: وزیراعظم کا سخت کارروائی کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس چوری میں ملوث افراد اور شعبوں کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر اور وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ ہدایات وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئیں، جس میں مالیاتی، صنعتی، اور ٹیکس کے ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (TTS) کے دائرہ کار کو دیگر شعبوں تک توسیع دینے پر زور دیا گیا تاکہ قومی خزانے کو لاحق اربوں روپے کے نقصان کو روکا جا سکے۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ٹیکس چوری ملکی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام ناگزیر ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی اور سیمنٹ صنعتوں میں TTS کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں، اور یہی ماڈل دیگر اہم صنعتوں پر بھی لاگو کیا جانا چاہیے۔
ماہرین نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ ٹیکس نظام میں عدم توازن ناقابل قبول ہے، اور ڈیجیٹل نگرانی کا مؤثر اطلاق نہ صرف محصولات میں اضافہ کرے گا بلکہ جی ڈی پی کے تناسب میں بھی بہتری لائے گا۔
وزیراعظم نے ٹیکس حکام کو ہدایت کی کہ وہ چور راستے بند کریں، غیر رجسٹرڈ کاروباروں کو نیٹ میں لائیں، اور قومی معیشت کے تحفظ کے لیے تمام قانونی و انتظامی اقدامات بروئے کار لائیں۔