پاک فضائیہ نے دشمن کے چودہ طبق روشن کر دیے، شہباز شریف
اسلام آباد (پ ر) وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر دشمن نے دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اُسے پاؤں تلے روند دیں گے۔ وہ کامرہ ایئر بیس پر پاک فضائیہ کے شاہینوں سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے اکیسویں صدی کی طویل ترین جھڑپوں میں دشمن کو تاریخی شکست دینے پر قوم کی جانب سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ 6 مئی سے 10 مئی تک کی جھڑپوں میں ہمارے جوانوں نے نہ صرف دشمن کے جدید اسلحے کو ناکارہ بنایا بلکہ اس کے غرور و تکبر کو بھی خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے مختصر وقت میں دشمن کے 6 جنگی طیارے اور ڈرون مار گرائے، جن میں رافیل جیسے جدید طیارے بھی شامل تھے۔
“رافیل کو جو نشانہ ہمارے شاہینوں نے بنایا، وہ مودی اور دشمن قیامت تک یاد رکھیں گے” وزیراعظم نے کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معرکہ نہ صرف جنگی کامیابی ہے بلکہ دنیا بھر کو ہماری تکنیکی برتری، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی وحدت کا پیغام بھی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری افواج نے ایم ایم عالم، سیسل چوہدری اور سرفراز رفیقی جیسے ہیروز کی یاد تازہ کر دی، اور تاریخ کا وہ باب رقم کیا جو دوست و دشمن دونوں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اگر دشمن نے امن کو کمزوری سمجھا، تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ “تمہارا جنگی جنون کا بخار اتر چکا، اب امن کی بات کرو۔” انہوں نے کہا۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر زور دیا اور کہا کہ جب تک کشمیریوں کو ان کا حق نہیں ملتا، جدوجہد جاری رہے گی۔
آخر میں انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اہلِ خانہ کی کفالت ریاست کی ذمہ داری ہے اور اس میں کوئی لغزش برداشت نہیں کی جائے گی۔