منگوچرمیں اغوا ہونیوالے لسبیلہ پولیس کے تمام اہلکار بازیاب
کوئٹہ / منگوچر (نمائندہ خصوصی) منگوچر کے علاقے سے اغواء ہونے والے لسبیلہ پولیس کے تمام اہلکاروں کو مسلح افراد نے رہا کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لسبیلہ پولیس کے اہلکار سرکاری ڈیوٹی پر منگوچر کے علاقے میں موجود تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے انہیں گھیر کر اغوا کر لیا۔ واقعے کے فوری بعد صوبائی حکام، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو گئے اور بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات شروع کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی معتبرین اور سیکیورٹی اداروں کی کوششوں سے مسلح افراد نے اہلکاروں کو کسی نقصان کے بغیر رہا کر دیا۔ اہلکاروں کی بازیابی کے بعد انہیں بحفاظت ان کے متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
تاحال اغواء کی وجوہات، اغوا کاروں کی شناخت اور ان کے عزائم سے متعلق باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد حقائق منظر عام پر آئیں گے۔
دوسری جانب اہلکاروں کی خیریت سے واپسی پر اہل خانہ اور عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے۔