مستونگ ،کوچ پر دہشتگردوں کا حملہ! مسافر نے جوابی فائرنگ کر کے دو حملہ آوروں کو زخمی کر دیا
مستونگ کے علاقے ژالی میں دہشت گردوں نے چمن سے کراچی جانے والی المحمود کوچ کو روکنے کی کوشش کی، لیکن بس میں سوار ایک بہادر مسافر نے جوابی فائرنگ کر کے دو دہشت گردوں کو شدید زخمی کر دیا، جس سے حملہ آوروں کے حوصلے پست ہو گئے اور باقی دہشت گرد موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔جوابی کارروائی میں دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں قریبی بسوں کے ٹائر برسٹ ہو گئے اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کو گرفتار کیا جا سکے۔یہ واقعہ ایک بہادر شہری کی دلیری کی مثال ہے، جس نے اپنی جان جوکھم میں ڈال کر درجنوں مسافروں کی زندگیاں بچا لیں۔