طورخم سرحد 25 روز بعد کھلنے کو تیار
پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کے بعد بند کی گئی طورخم تجارتی گزرگاہ کو آج 25 روز بعد کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سکیورٹی حکام کی فلیگ میٹنگ آج طورخم بارڈر پر ہوگی، جس کے بعد سرحد کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا جائے گا۔
جرگہ ذرائع کے مطابق افغان حکام نے متنازع تعمیرات کو روکنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، اور جے سی سی اجلاس تک فائر بندی کے ساتھ تعمیراتی سرگرمیاں بھی معطل رہیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دو روز قبل پاکستان اور افغان جرگے کے درمیان حتمی مذاکرات ہوئے تھے، جس میں دونوں فریقین کے درمیان اتفاق رائے طے پایا۔
واضح رہے کہ افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی حدود میں تعمیرات کے باعث شدید کشیدگی پیدا ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں طورخم سرحد بند کر دی گئی تھی۔ سرحد کی بندش کے باعث دونوں جانب ہزاروں کارگو گاڑیاں پھنس کر رہ گئی تھیں، جس سے تاجروں اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔