نادرا کا مخصوص شہریوں کو تاحیات شناختی کارڈ جاری کرنیکا اعلان
نادرا کیجانب سے قومی شناختی کارڈ کے قوانین میں ترامیم کی منظوری دیدی گئی، جسکے تحت تاحیات میعاد کیساتھ منفرد قومی شناختی کارڈ کا اجراء کیا جائیگا.نادرا آرڈیننس 2000ء کے سیکشن 44 کے تحت نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) رولز 2002ء میں اہم ترامیم کی منظوری دیدی گئی ہے۔ترجمان نادرا کے مطابق یہ تبدیلیاں اس نظام کو مزید جامع بنانے، دستاویزات کے طریقۂ کار کو آسان بنانے اور لوگوں کے مخصوص گروپوں کی مخصوص ضروریات کو پورا کرنے کیلیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔
نئی ترامیم کے بعد اہم اپ ڈیٹ یہ ہے کہ خصوصی افراد کیلیے تاحیات میعاد کیساتھ منفرد شناختی کارڈ کا اجراء ممکن ہوسکے گا، مزید برآں رہائشی اور غیر رہائشی بالغ شہری جنھیں وفاقی یا صوبائی حکام نے خصوصی افراد کے طور پر تسلیم کیا ہوا ہے، وہ وہیل چیئر لوگو والے قومی شناختی کارڈز کے بھی اہل ہوںگے، نادرا ان خصوصی این آئی سیز کے اجراء کا انتظام کریگا.رولز میں نئی ترامیم کے تحت علاوہ ازیں معذور بچوں کیلیے، نادرا چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ یا جووینائل کارڈ کا اجراء بھی کیا جائیگا، جس میں وہیل چیئر کا نشان بھی ہوگا اور وہ قواعد کے مطابق مقرر کردہ مدت کیلیے درست ہوگا۔ خصوصی افراد کیلیے متعلقہ وفاقی یا صوبائی اداروں میں اندراج کو ضروری قرار دیا گیا ہے۔
اسکے ساتھ ساتھ اعضاء عطیہ کرنے والے افراد کو بھی تاحیات میعاد کا خصوصی کارڈ جاری کیا جائیگا، جس میں ’وہیل چیئر‘ اور ڈونر‘ دونوں کے نشانات واضح ہونگی، اعضاء کے عطیہ کیلیے متعلقہ ڈونر رجسٹریشن اتھارٹیز میں اندراج ضروری ہوگا۔خیال رہے کہ یہ تبدیلیاں پاکستان بھر میں معذور افراد اور اعضاء کے عطیہ دہندگان کیلیے شمولیت کو یقینی بنانے اور انکی شناخت کو بہتر کرنے کیلیے حکومت کی کوششوں میں ایک اہم قدم کی نشاندہی کرتی ہیں۔ترجمان نادرا نے بتایا کہ قواعد میں ترامیم کا نوٹیفکیشن آئندہ گزٹ آف پاکستان میں شائع ہونیکے بعد نافذ العمل ہوگا، جسکے بعد یہ تبدیلیاں باقاعدہ طور پر لاگو کی جائیںگی۔