پیرس اولمپکس،ارشد ندیم کا وطن واپسی پر کیسا استقبال ہوا؟جانیے
پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرنیوالے اور چالیس سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، جہاں انکا والہانہ استقبال کیا گیا، قومی ہیرو کو ارشد ندیم کو گلدستے اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے جب کہ ایئرپورٹ پر ارشد ندیم اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، شہریوں نے اپنے ہیرو کو کندھوں پر اٹھایا۔اولپمک چیمپین اور قومی ہیرو ارشد ندیم پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچے، ارشد ندیم کے جہاز نے رات 1 بج کر 20 منٹ پر لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
ارشد ندیم کو ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے پاکستان کی حدود میں طیارہ داخل ہونے پر خوش آمدید کہا گیا، طیارے کو خصوصی واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا، لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے کیلیے موجود تھی۔
طیارے سے باہر آنے کے بعد انھیں ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، والد انھیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوؤں کو روک نہ سکے اور اپنے بیٹے کو پھولوں کے ہار پہنائے۔
ارشد ندیم کے استقبال کیلیے خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب، احسن اقبال رانا مشہود اور عظمی بخاری بھی موجود تھیں، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق نے ارشد ندیم کو گلے لگا کر مبارکباد دی، عظمی بخاری نے انھوں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ارشد ندیم کے اہلخانہ، دوست احباب، گاؤں والوں لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے، اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی۔
پنجاب پولیس بینڈ کے ذریعے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا، پولیس کی جانب سے اولمپیئن ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ کا وی ائی پی لاؤنج شہریوں سے خالی کروا کر سیکیورٹی لگائی گئی تھی۔
پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو سکیورٹی فراہم کی، ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس میں لاہور کی سیر کرائی گئی، انکے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس پائلٹ موجود تھا، ارشد ندیم کی بس کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں موجود تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق ارشد ندیم کے پروٹوکول کیلیے ٹریفک پائلٹ اور ڈی ایس پی رینک کا افسر اختتامی حدود تک مقرر کئے تھے، جب کہ متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ ریسیو کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔لاہور ائیرپورٹ پر مداحو ں کی بڑی تعداد کے پیش نظر ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس پر سوار کیا گیا، قومی ہیرو نے بس پر سوار ہو کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا او رہاتھ اُٹھا کر عوام کے نعروں اور محبتوں کا جواب دیا۔بعد ازاں ارشد ندیم کا قافلہ ڈبل ڈیکر بس پر سوار ہو کر ائیرپورٹ سے براستہ موٹر وے میاں چنوں کی طرف روانہ ہوا۔
ارشد ندیم کے استقبال کیلیے انکے گاؤں میاں چنوں چک 1سو1 میں اسپیکر پر اعلان کرایا گیا تھا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے، ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا۔اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ایشیاء ایتھلیٹکس کے نائب صدر و چیئرمین سائوتھ ایشیاء ایتھلیٹکس میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کے ہمراہ پیرس سے واپس وطن روانہ ہوئے تھے۔
قومی ہیرو کی ائیرپورٹ پر گفتگو
قومی ہیرو ارشد ندیم نے لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا شکریہ، مجھے عزت دی، اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں، پیرس اولمپکس میں گولڈل جیتا۔
ارشد ندیم نے کہا کہ قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے عزت دی، اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے، میڈل حاصل کرنیکے لئے دن رات اور رات دن محنت کی۔انھوں نے کہا کہ حکومت کا شکرگزارہوں مجھے سہولیات دیں، پنجاب اسپورٹس بورڈ اور تمام کا شکرگزار ہوں، ڈائمنڈ لیگ میں بہت اچھا پرفارم کیا۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ والدین، قوم اور میڈیا نے عزت دی، شکریہ ادا کرتاہوں، وزیراعظم کا بھی شکریہ ، ان کا لگایا گیا پودا ہوں۔ارشد ندیم نے کہا کہ یوتھ فیسٹیول میں بھرپور شرکت کی تھی، پنجاب اسپورٹس بورڈ، فیڈریشن اور دیگر سب کا شکرگزار ہوں، اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر بہت خوشی ہے، آنےوالے ایونٹس کی بھرپور تیاری کروں گا۔
وزیر اعظم کی جانب سے ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب آج ہوگی
شہبازشریف کی جانب سے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب آج ہوگی۔ذرائع کے مطابق ارشد ندیم کو وزیراعظم کی جانب سے ماڈل ٹاؤن لاہور میں مسلم لیگ نون کے سیکریٹریٹ میں پُرتکلف ظہرانہ دیا جائے گا، ظہرانہ میں ارشد ندیم کے اہل خانہ، وفاقی وزرا اور چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود بھی شریک ہونگے.واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔