ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی ، قومی ٹیم کے خلاف عدالت سے رجوع کر لیا گیا
گوجرانوالہ، ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر عدالت سے رجوع کر لیا گیا ۔قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر اندراج مقدمہ کیلئے وکیل نے عدالت میں پٹیشن دائر کر دی ہے، گوجرانوالہ میں رٹ پٹیشن ڈسٹرکٹ سیشن جج کی عدالت میں ضابطہ فوجداری 22 اے اور 22 بی کے تحت دائر کی گئی۔
پٹیشن میں کپتان بابراعظم سمیت تمام کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور کوچ کو فریق بنایا گیا ہے، پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا کہ ٹیم نے مایوس کن کارکردگی دکھائی جوصرف پیسے کا ضیاع ہے۔پٹیشن میں کہا گیا کہ قوم کے کروڑوں روپے اور وقارکو داؤ پرلگا دیا گیا ہے، مزید کہا گیا کہ کھلاڑی، ٹیم مینجمنٹ سب پیسے کیلئے کام کرتے ہیں ملک کیلئے نہیں۔موقف اختیار کیا گیا کہ امریکا اوربھارت کیخلاف میچز میں عوام کے جذبات کوسخت ٹھیس پہنچی، سیکرٹری داخلہ کو انکوائری کرنے اور رپورٹ مکمل ہونے تک ٹیم پر پابندی لگائی جائے۔پٹیشن میں کہا گیا کہ جب بھی سیاسی چیئرمین، کوچز لگائے جاتے ہیں ٹیم کا ایساحال ہو جاتا ہے، گوجرانوالہ کی مقامی عدالت نے پولیس سے 21 جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔