لاہور قلندرز کا تاریخی کارنامہ، کوئٹہ کو دھول چٹاکر تیسری بار چیمپئن بن گئے
لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے سنسنی خیز فائنل میں لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے، یوں لاہور کو فتح کے لیے 202 رنز کا ہدف دیا گیا۔
کوئٹہ کی جانب سے حسن نواز نے 76 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جبکہ اوشکا فرنالڈو 29 اور دینش چندیمل 22 رنز بنا سکے۔ آخر میں فہیم اشرف نے صرف 7 گیندوں پر 28 رنز جڑ کر اسکور کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ لاہور کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان مرزا اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ سکندر رضا اور رشاد حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جوابی اننگز میں لاہور قلندرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ فخر زمان 11 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ محمد نعیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 27 گیندوں پر 6 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 47 رنز بنائے۔ اسامہ طارق نے بھی 41 رنز کی اننگز کھیلی۔
قلندرز کی بیٹنگ لائن اپ کو کچھ مشکلات کا سامنا ضرور رہا، تاہم اختتامی لمحات میں سکندر رضا نے صرف 7 گیندوں پر ناقابل شکست 22 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
کوئٹہ کی جانب سے محمد عامر، فہیم اشرف، ابرار احمد اور عثمان طارق نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
فائنل سے قبل کوئٹہ کے اسکواڈ میں تبدیلی کی گئی اور انجری کے باعث وسیم جونیئر کی جگہ خرم شہزاد کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے میچ سے قبل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں تمام تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں اور آج کے لیے سکندر رضا کو خاص طور پر ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔