بھارت کی ضد نے ایشیا کپ کا خواب چکنا چور کر دیا
بھارتی رویے کی وجہ سے اس سال شیڈول ایشیا کپ کے انعقاد کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق، چیمپئنز ٹرافی کے بعد اب ایشیا کپ کو بھی بھارت کی مخالفت کا سامنا ہے۔ بھارت نے پاکستان سے کشیدگی کے باعث مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔
مردوں کا ایشیا کپ ستمبر میں جبکہ خواتین کا ایمرجنگ ایشیا کپ جون میں سری لنکا میں منعقد ہونا ہے۔
بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر پاکستان کے محسن نقوی ہیں، اور بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکتی جس کی قیادت پاکستان کر رہا ہو۔
بی سی سی آئی نے ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کی زبانی اطلاع ایشین کرکٹ کونسل کو دے دی ہے اور باقی شیڈول ایونٹس کو بھی روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے ابھی تک ایشین کرکٹ کونسل کو اپنی دستبرداری کی تحریری اطلاع نہیں دی ہے۔