دوسرا ٹیسٹ: تیسرا دن ختم، انگلینڈ کے 2 وکٹوں پر 36 رنز، پاکستان کی پوزیشن مضبوط
ملتان میں دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہوگیا، پاکستان کے 2سو97 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنالئے ہیں۔ مشکل وکٹ پر قومی ٹیم کے 2سو97 ہدف کے تعاقب میں انگلش کھلاڑی مشکلات کا شکار نظر آرہے ہیں۔ گذشتہ اننگز کے سنچری میکر بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جب کہ زیک کراؤلی تین رنز کے مہمان ٹھہرے۔گذشتہ اننگز میں سات وکٹیں لینے والے ساجد خان نے بین ڈکٹ کو آؤٹ کی جبکہ نعمان نے کراؤلی کو اسٹمپ آؤٹ کرویا۔اولی پاپ اکیس اور جو روٹ بارہ رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔ انگلینڈ کو جیت کےلیے مزید 2سو61 رنز جب کہ پاکستان کو 8 وکٹیں درکار ہیں۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے تیسرے روز پاکستان ٹیم دوسری اننگز میں 2سو21 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ اس طرح انگلینڈ کو جیتے کیلئے 2سو97 رنز کا ہدف ملا ہے۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی طرف سے سلمان علی آغا (63 )رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے جبکہ سعود شکیل نے 31، کامران غلام نے 26، محمد رضوان نے 23، صائم ایوب اور ساجد خان نے 22، 22 رنز بنائے تھے۔ انگلینڈ کیطرف سے دوسری اننگز میں شعیب بشیر نے چار آؤٹ کیے تھے۔ جیک لیچ نے 3، بریڈن کارز نے 2 اور میتھیو پوٹس نے ایک وکٹ لی تھی۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی۔ اس اننگز میں کامران غلام نے 118 رنز بنائے تھے جبکہ صائم ایوب 77 رنز بنا کر نمایاں رہے تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 291 رنز بنا سکی تھی۔ بین ڈکٹ نے 114 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے 7 وکٹیں لی تھیں نعمان علی نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا تھا۔