میانمار میں خوفناک زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی
میانمار میں آنے والے شدید زلزلے کے باعث تباہی کی نئی داستان رقم ہو گئی۔ خبر ایجنسی کے مطابق 7.7 شدت کے زلزلے سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1002 جبکہ زخمیوں کی تعداد 2,376 ہو چکی ہے۔
زلزلے کے شدید جھٹکوں سے مندالے اور رنگون میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی جبکہ انٹرنیٹ سروس بھی بری طرح متاثر ہے۔ حکام کے مطابق کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں اور ریسکیو ٹیمیں ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
دوسری جانب، پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے میانمار اور تھائی لینڈ میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ متاثرہ ممالک جلد از جلد اس قدرتی آفت سے باہر نکل سکیں۔