انڈیا کو شدید دھچکا، چین نے لداخ کے اہم حصے اپنے نام کر لئے
انڈیا کو ایک اور دھچکا لگا ہے، چین نے لداخ کے اہم حصے اپنے نام کرلئے۔ چین نے ہوتان پریفیکچر میں لداخ کے چند حصے شامل کرکے دو نئی کاؤنٹیوں کے قیام کا اعلان کیا ہے۔نریندر مودی حکومت سیخ پاہے اور انڈین وزارت خارجہ نے جمعہ کو بیجنگ کے خلاف احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔چین نے لداخ کے متنازع علاقے میں اپنی حدود کو وسعت دیتے ہوئے ہوتان پریفیکچر میں دو نئی کاؤنٹیوں کا قیام عمل میں لایا ہے۔چینی خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق ہیآن کاؤنٹی اور ہیکانگ کاؤنٹی چینی کمیونسٹ پارٹی اور ریاستی کونسل کی منظوری کے بعد قائم کی گئی ہیں۔ ان کاؤنٹیوں میں اکسائی چن کا بڑا حصہ شامل کیا گیا ہے، جسے انڈیا اپنا علاقہ قرار دیتا ہے۔
انڈین حکومت نے پیشرفت پر شدید اعتراض کرتے ہوئے بیجنگ کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جسوال کے مطابق ‘ہوتان پریفیکچر میں دو نئی کاؤنٹیز کے کچھ حصے لداخ میں آتے ہیں۔ چین کیجانب سے یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے درمیان سرحدی مذاکرات دوبارہ شروع ہوئے ہیں۔چینی دفاعی ترجمان نے دسمبر 2024 میں کہا تھا کہ چین سرحدی علاقوں میں امن برقرار رکھنے کیلئے مشترکہ کوششوں کیلیے تیار ہے۔
تاہم، اس نئے اعلان نے بھارت کیساتھ کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، چین کے اس اقدام سے انڈیا کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کیجانب سے واویلا خطے میں اسکی بالادستی کے خواب کو لگے دھچکے کا ردعمل ہے۔ ماہرین کے مطابق چین کبھی بھی ایسا قدم نہیں اٹھاتا جس میں اسے کسی قسم کا شک یا شبہ ہو اور اس پیشرفت کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔