کابل میں دھماکہ، وزیر خلیل حقانی ہلاک
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک دھماکے میں ملک کے وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی جاں بحق ہوگئے۔ وہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی اور موجودہ وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا تھے۔اکنامک ٹائمز کے مطابق دھماکہ افغانستان کی وزارت برائے مہاجرین کے دفتر میں ہوا ۔ یہ دھماکہ خود کش تھا جس میں خلیل حقانی سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے۔ تاحال کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق خلیل الرحمان حقانی کے بھتیجے انس حقانی نے اُنکی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
3 سال قبل طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے حقانی افغانستان میں ہونیوالے کسی بم دھماکے میں ہلاک ہونیوالے سب سے ہائی پروفائل شخصیت ہیں۔ خیال رہے کہ افغان جنگ کے دوران حقانی نیٹورک طالبان کا ایک انتہائی طاقتور گروپ سمجھا جاتا تھا۔ یہ امریکہ اور اسکی اتحادی افواج پر کئی حملوں میں ملوث رہا ہے۔ خلیل الرحمان حقانی کے سر پر 5 ملین ڈالر کا انعام تھا۔