بھارت نے دنیا کی پہلی سی این جی بائیک متعارف کرا دی
انڈین کمپنی بجاج آٹو نے حال ہی میں ورلڈ کی پہلی سی این جی موٹرسائیکل، بجاج فریڈم 125 لانچ کی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس موٹرسائیکل کی آپریٹنگ لاگت پیٹرول والے ماڈل سے تقریباً پچاس فی صد کم ہے۔ بجاج فریڈم 125 میں سی این جی اور پٹرول کیلئے ایک ایک ٹینک کیساتھ دوہری ایندھن کی صلاحیت ہے۔بجاج فریڈم 125 سی این جی کی رینج 334کلومیٹر ہے، جس میں سی این جی اور پیٹرول دونوں ٹینک بھرے ہوئے ہیں۔ بائیک کو 125 سی سی انجن لگایا گیا ہے،
انجن کو 5 اسپیڈ گیئر باکس سے جوڑ دیا گیا ہے۔ بائیک سی این جی موڈ میں 1 سو 2 کلو میٹر اور پٹرول موڈ میں 165 کلو میٹر کی مائلیج کا دعویٰ کرتا ہے۔ لہذا سی این جی اور پیٹرول دونوں ٹینکوں کیساتھ مکمل رینج 334 کلومیٹر ہے۔موٹر سائیکل سی این جی موڈ میں ہی شروع ہوتی ہے، جب کہ جو سی این جی پر چلنے والی گاڑیاں ہیں اسکے برعکس پٹرول موڈ میں شروع ہوتی ہیں اور بعد میں سی این جی موڈ میں سوئچ کرتی ہیں۔ سی این جی ٹینک خالی ہونے کی صورت میں، سوار پیٹرول موڈ پر جاسکتے ہیں۔بائیک میں جدید ٹیکنالوجی کی پیکجنگ بھی دی گئی ہے اور مضبوط ٹریلس فریم اور منسلک مونوشاک دیا گیا ہے۔
ا سکے علاوہ کمپنی نے موٹرسائیکل میں ایل ای ڈی ہیڈ لیمپس دیے ہیں جو کہ موجودہ وقت میں سب سے زیادہ مقبول فیچرز میں سے ایک ہے۔اس بائیک کے مختلف ویریئنٹ ہیں جن کی الگ الگ قسمیں ہیں، اس طرح اگر قیمت کی بات کریں تو اس کی قیمت لگ بھگ 95ہزار بھارتی روپے سے شروع ہوتی ہے۔بھارتی وزیر ٹرانسپورٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جہاں عام موٹرسائیکل میں پیٹرول کا خرچہ بھارتی دوروپے25پیسے فی کلومیٹر آتا ہے وہیں سی این جی موٹربائیک کی مدد سے یہ خرچہ 1روپیہ فی کلومیٹر پر آجائے گا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ سی این جی بائیک متعارف کروانے کا مقصد ایک طرف فیول کی بچت کرنا ہے تو دوسری طرف ماحول کو آلودہ ہونے سے بھی بچانا ہے۔