ٹیکنالوجی کی دوڑ میں پاکستان کا تاریخی قدم، بھارت پیچھے رہ گیا

ٹیکنالوجی کی دوڑ میں پاکستان کا تاریخی قدم، بھارت پیچھے رہ گیا

اسلام آباد (نامہ نگار)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے کرپٹو و بلاک چین اور پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او، بلال بن ثاقب نے کہا ہے کہ پاکستان کرپٹو ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، جبکہ بھارت اب بھی پالیسی وعدوں تک محدود ہے۔

بلال بن ثاقب کے مطابق، پاکستان نہ صرف کرپٹو کو اپنانے کی کوشش کر رہا ہے بلکہ مکمل عزم کے ساتھ اس شعبے میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت کی سرپرستی میں پاکستان نے “اسٹریٹجک بٹ کوائن ریزرو” قائم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ریزرو کے قیام کے صرف تین ماہ بعد پاکستان نے یہ قدم اٹھایا، جب کہ بھارت تاحال صرف بحث و مباحثے اور پالیسی پیپرز کے اعلانات تک محدود ہے۔ “بھارت کی کرپٹو پالیسی کی تازہ ترین ڈیڈ لائن جون 2025 ہے، جو ہر روز قریب آ رہی ہے مگر مکمل ہوتی نظر نہیں آتی، یہ صورتحال طنزیہ شاعری جیسی معلوم ہوتی ہے،” بلال نے کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان، جسے ماضی میں ٹیکنالوجی کی دوڑ میں پیچھے تصور کیا جاتا تھا، اب جدت کی راہوں پر قیادت کے خواب دیکھ رہا ہے۔ “پاکستان ایک نئے جنم کے عمل سے گزر رہا ہے، اور اب وہ عالمی سطح پر نئی شناخت قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔”

Author

اپنا تبصرہ لکھیں