غیر رجسٹرڈ وی پی این سروسز کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو مزید دو کمپنیوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں جو وی پی این (VPN) سروس فراہم کنندگان کے طور پر رجسٹریشن کے خواہاں ہیں۔ یہ درخواستیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب پی ٹی اے پہلے ہی دو کمپنیوں کو لائسنس جاری کر چکا ہے اور مزید رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی اے ڈیٹا سروسز کے کلاس لائسنس کے تحت وی پی این فراہم کنندگان کو رجسٹریشن کے عمل سے گزار رہا ہے۔ پی ٹی اے کا ہدف مئی 2025 تک 7 وی پی این سروس کمپنیوں کو رجسٹر کرنا ہے، جس کے بعد حکومت مخصوص معیار کی بنیاد پر بعض وی پی این سروسز کو بلاک کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔
اس وقت پاکستان میں تقریباً 40 مختلف وی پی این سروسز کام کر رہی ہیں۔ تاہم، پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی وی پی این کو بلاک کرنے کا حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کرے گی۔ پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ وہ فی الحال وی پی این پر مکمل پابندی کی حمایت نہیں کرتا۔