حج 2025 کے حوالے سے علامہ طاہر اشرفی کی خوشخبری
لاہور: چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل، علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس میں حج 2025 کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ اور پاکستانی وزارت مذہبی امور کے تعاون سے حجاج کرام کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی 904 کمپنیاں حج 2025 کی بکنگ کا آغاز کر چکی ہیں، عوام صرف رجسٹرڈ کمپنیوں سے رابطہ کریں۔ گزشتہ سال حجاج کے مسائل کے حل میں آرمی چیف سید حافظ عاصم منیر کا کردار قابلِ تعریف تھا، اور امید ہے کہ رواں سال بھی بہترین انتظامات ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جدہ میں بین الاقوامی حج نمائش شروع ہو رہی ہے، جس میں حج 2025 کے انتظامات پر سفارشات مرتب کی جائیں گی۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
علامہ اشرفی نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں بھکاریوں کے مسائل کو ختم کرنے کے لیے سخت نگرانی ہوگی، تاکہ پاکستان کی بدنامی نہ ہو۔ اسرائیلی نقشے کو دہشت گردی کے مترادف قرار دیتے ہوئے مسترد کیا اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں فلسطین کے لیے اسلامی ممالک کے اتحاد کی حمایت کی۔
ہوپ پنجاب کے چیئرمین احسان اللہ اور دیگر عہدیداران نے علامہ اشرفی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستانی حجاج کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔