سرکاری حج درخواست گزاروں کے لیے بڑی خوشخبری
وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین نے حج درخواست گزاروں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اٹھارہ نومبر سے تین دسمبر تک جمع کرائی گئی تمام حج درخواستوں کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔ سپانسر شپ سکیم کے تحت موصول ہونیوالی تمام درخواستیں بھی بلا قرعہ اندازی کامیاب ہونگی.
چودھری سالک حسین نے بتایا کہ دور دراز علاقوں میں درخواستیں جمع کرانے میں پیش آنیوالی مشکلات کے پیش نظر درخواستوں کی وصولی کی مدت میں سات دن کی توسیع کی گئی ہے۔ اب سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں دس دسمبر تک نامزد بینکوں میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ وفاقی وزیر کے مطابق کوٹہ سے زائد درخواستیں موصول ہونیکی صورت میں قرعہ اندازی کا انعقاد کیا جائیگا۔
تاہم، سپانسر شپ سکیم کے تحت موصول ہونیوالی درخواستوں پر یہ شرط لاگو نہیں ہوگی، اور وہ خود بخود کامیاب تصور کی جائینگی. وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ سمندر پار پاکستانی دس دسمبر تک سپانسر شپ کی رقم لازمی جمع کروا دیں۔ درخواست گزار وزارت کی ویب سائٹ پر موجود آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے حج درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ حج درخواست گزاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلیے پاک حج موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنیکی ہدایت کی گئی ہے، تاکہ انھیں تمام ضروری معلومات اور نئی ہدایات بروقت حاصل ہو سکیں۔ یہ اقدامات وزارت مذہبی امور کی جانب سے عازمین حج کی مشکلات کو کم کرنے اور حج کے انتظامی عمل کو آسان بنانیکے عزم کا اظہار ہیں۔