سرکاری ملازمین پر بڑی پابندی لگ گئی
حکومت نے سرکاری ملازمین کے بغیر اجازت سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد کردی ہے، اس حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے آفس میمورنڈم بھی جاری کردیا گیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق، سرکاری ملازمین بغیر اجازت میڈیا پلیٹ فارم اور کوئی ایپلی کیشن استعمال نھیں کرسکتے، یہ فیصلہ سرکاری معلومات و دستاویزات افشا ہونے سے روکنے کیلئے کیا گیا ہےمیمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین گورنمنٹ سرونٹس (کنڈکٹ) رولز 1964 کی پاسداری کریں، سرکاری ملازم بغیر اجازت سوشل میڈیا پر اظہار رائے یا بیان بازی نہیں کرسکتا، ہدایات کی خلاف ورزی پر سرکاری ملازم کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی.
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ سرکاری ملازم سرکاری دستاویزات، معلومات غیر متعلقہ افراد کیساتھ شیئر نہیں کرسکتا، سرکاری ملازم ایسی رائے یا حقائق بیان نہیں کرسکتے جس سے حکومتی ساکھ متاثر ہو، ملازمین کو حکومتی پالیسی، فیصلوں، ملکی خودمختاری اور وقار کے منافی بات کی اجازت نہیں۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے میمورنڈم میں مزید کہا گیا کہ ملازمین میڈیا پر ایسی بات نہیں کرسکتے
جس سے دیگر ممالک سے تعلقات متاثر، امن عامہ کے مسائل پیدا ہونے، اخلاقی اقدار پامال یا توہین عدالت ہونیکا خدشہ پیدا ہو یا پھر کسی فرقہ کی نمائندگی کا عنصر نمایاں ہورہا ہو۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ہدایات کے باوجود دیکھا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین عموماً فیس بک، ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، واٹس ایپ، انسٹاگرام سمیت ایسی سوشل میڈیا ایپلی کیشنز اور ویب سائٹس کا استعمال کرتے ہیں اور سوشل نیٹ ورکنگ، ورچوئل کمیونیٹیز یا آن لائن گروپوں میں مواد شیئر کرتے ہیں اور ایسے خیالات کا اظہار کرتے ہیں جو دفتری قواعد و ضوابط کیخلاف ہے۔
حکومت نے مذکورہ میمورنڈم کے ذریعے تمام ملازمین کے کسی بھی آن لائن بحث یا بزنس پروموشن یا ٹرینڈز میں حصہ لے نے پر پابندی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہدایات ان ملازمین کیلئے بھی ہیں جو عوامی فورمز پر بات کرتے ہیں یا جنکے اخبارات و جرائد میں مضامین یا کالم شائع ہوتے ہیں۔میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ہدایات کا مقصد سرکاری اداروں کے عوام سے رابطے اور خدمات میں بہتری سے متعلق انکی رائے حاصل کرنے کیلئے سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا نہیں، تاہم ایسے اداروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ وقتاً فوقتاً قابل اعتراض اور غیرمناسب کمنٹس کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ختم کرتے رہیں۔