’بل بل پاکستان‘ گانے والے معروف یوٹیوبر کو مبینہ طور پر حراست میں لیکر لاپتا کردیا گیا
یومِ آزادی کے موقع پر بجلی کے بھاری بلوں کے حوالے سے ”بل بل پاکستان“ گانا بنانیوالے معروف یوٹیوبر عون علی کھوسہ کو مبینہ طور نامعلوم افراد کیجانب سے حراست میں لے لیا گیا ہے، جب کہ انکے یوٹیوب چینل سے مذکورہ گانا بھی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے۔عون علی کھوسہ کے بھائی علی شیر کھوسہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے پیغام میں اطلاع دی کہ آدھی رات کو نامعلوم مسلح افراد نے لاہور میں واقع فلیٹ سے انکے بھائی عون کھوسہ کو حراست میں لے لیا ہے۔انھوں نے صارفین سے اپنے بھائی کیلئے دعا کرنیکی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس خبر کو زیادہ سے زیادہ شیئر کریں
کیوں کہ یہ انکے خاندان کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے۔عون کھوسہ کی مبینہ گرفتاری کئے بعد انکے یوٹیوب چینل سے گانا ”بل بل پاکستان“ بھی ڈیلیٹ کیا جاچکا ہے۔عون کھوسہ کو حراست میں لیے جانے کی خبر کے بعد صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے کے حوالے سے پیروڈی نغمہ بنانا ان کا جرم بن گیا ہے اور انہیں اسی کی سزا دی گئی ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ انہیں لگتا ہے کہ عون کھوسہ کے پیروڈی گانے کی وجہ سے انہیں نامعلوم افراد کی جانب سے حراست میں لیا گیا ہے انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتنی شرم کی بات ہے کہ لوگوں سے طنز بھی برداشت نہیں ہوتا۔
پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عون کھوسہ کو حراست میں لئے جانیکی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستانی عوام کو جینے دیں، ہماری اخلاقی اقدار اور جمہوریت کو مزید تباہ نہ کریں۔
اپنے پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ عون کھوسہ اور تمام مغوی لوگوں کو رہا کیا جائے کیوں کہ یہ ناقابل قبول اورغیر قانونی ہے۔
سوشل میڈیا صارف عمران افضل راجہ کا کہنا تھا کہ عون کھوسہ انتہائی شریف النفس اور اپنی حدود کے اندر کام کرنے والا آرٹسٹ ہے جس نے کبھی کسی کی تضحیک نہیں کی۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اگر کسی کو انکے لطیف مزاح سے بھی مسئلہ ہے تو بہتر ہے پاکستان کی بجائے کسی افریقی ملک کو چن لیں کیوں کہ عون کھوسہ کو غائب کرانے سے مسائل حل نہیں ہونگے.۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ شاعرہ نوشی گیلانی نے بھی لکھا کہ عون علی کھوسہ بھی لاپتہ کر دیئے گئے، نقاب پوش آئے اور ساتھ لے گئے۔وجاہت سمیع نے کہا کہ عون علی کھوسہ کو بِل بِل پاکستان کا مزاحیہ ترانہ بنانے پر اغوا کیا گیا ہے کیو ں کہ اس ترانے میں عوام کو احساس دِلایا گیا ہے کہ ایسی آزادی کا کیا فائدہ جس میں آپ آزادی کے 77ویں سال تک بھی غربت اور بے بسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر ریلیز کیا گیا عون کھوسہ کا گانا ”بل بل پاکستان“ تیزی سے مقبول ہو رہا تھا اور اسے عوام کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی تھی۔صارفین کا کہنا تھا کہ عون چوہدری نے مزاحیہ کانٹینٹ کے ذریعے عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی کی گئی ہے۔