دالبندین: بجلی کے کھمبوں سے بندھی 5 افراد کی لاشیں برآمد
دالبندین میں پانچ افراد کی بجلی کے کھمبوں سے بندھی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں ، پولیس کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع دالبندین سے 5افراد کی لاشیں ملیں ہیں ، تمام افراد کو فائرنگ کرکے قتل کیاگیا تاہم لاشیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ ان افراد کو گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سے متصل والے علاقے سورگل میں بجلی کے کھمبوں سے باندھا گیا، جنکی لاشیں جمعے کی صبح مقامی لوگوں نے دیکھیں، لاشوں کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ ان افراد کو گولیاں ماری گئیں ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ تاحال ان افراد کی شناخت نہیں ہوئی اور نہ ہی انکے قتل کی تصدیق شدہ وجوہات سامنے آئی ہیں تاہم خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ کارروائی ایران میں سرگرم مسلح تنظیم جیش العدل کی ہو سکتی ہے جس نے کچھ عرصہ قبل اپنے مقتول رہنماء مراد نوتیزئی کی قتل کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کرکے ان کا اعترافی وڈیو بھی جاری کیا تھا۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سورگل سے ملنے والی پانچ لاشوں کی تفتیش جاری ہے، مزید تحقیقات اور لاشوں کی شناخت کے بعد مزید تفصیلات معلوم ہوسکیں گی اور حقائق سامنے آئینگے.