حکومت ملک میں انٹرنیٹ کی بلا تعطل فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیراعظم
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت ملک میں انٹر نیٹ کی تیز تر اور بلا تعطل فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ شہباز شریف سے ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن کے 3 رکنی وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت مینجنگ ڈائریکٹر ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن جیف پئین کر رہے تھے۔ملاقات میں ڈیٹا کے تحفظ ، انٹر نیٹ پر مواد کے حوالے سے ضابطہ اخلاق اور الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔شہباز شریف نے ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے،
اس کے علاوہ حکومت مصنوعی ذہانت پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی ترویج پر کام کر رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان کو مصنوعی ذہانت انفراسٹرکچر کی حوالے سے پاکستان کو خطے میں ایک نمایاں ملک بنانے کے لیے پر عزم ہیں، جبکہ حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان انیشئٹو کے تحت سارے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن معیشت کو ڈیجیٹل خطوط اور خود کار نظام کی طرف لے جانے کے حوالے سے ایک بڑا سنگ میل ہو گا،
پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کے مسودے پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔وزیراعظم نے پاکستان اور ایشیاء پیپسفک ریجن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انٹر نیٹ انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن کی خدمات کو سراہا، وفد نے وزیر اعظم کو ایشیاء انٹرنیٹ کولیشن کے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری اپنی سروسز سے آگاہ کیا۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، تانیہ ایدروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔