وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائے ہیں، بجٹ میں آئی ٹی کے شعبے کے فروغ کے لئے تقریبا 100 ارب، سکلز ڈویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف سینئر پارلیمنٹیرینز کے وفد ، اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال چوہدری ، احمد عتیق انور، نوشین افتخار، رانا ارادت شریف خان، محمد عثمان اویسی ،عمار احمد خان لغاری ، ڈاکٹر شائستہ خان، زینب بلوچ ، سعد وسیم ،شاہد عثمان شامل تھے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے آپ کو عوام کی خدمت کا موقع فراہم کیا ہے ، امید ہے کہ آپ ملک کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے دن رات کام کریں گے ،انہوں نے کہا کہ قابل طلبا کو حکومت کی طرف سے لیپ ٹاپس فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔
راکان قومی اسمبلی رانا قاسم نون، ریاض الحق، ارمغان سبحانی اور وسیم قادر نے الگ الگ ملاقات کی۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو آذربائیجان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اقتصادی تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے جامع لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ جغرافیائی لحاظ سے پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندر تک اقتصادی راہداری کا قدرتی راستہ فراہم کرتا ہے،
آذربائیجان اور پاکستان کے مابین تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کی استعداد اور موجودہ تجارت کو بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو دہائیوں پر محیط ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے۔