ملک بھر میں گرمی زوروں پر، سندھ میں آج پارا 47 تک جانےکا امکان
پاکستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں گرمی زوروں پر ہے جسکے پیش نظر محکمہ موسمیات نے آج سندھ میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک جانے کی پیشنگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ کے متعدد شہروں میں پارا 42 سے 46 ڈگری تک رہیگا.جب کہ جیکب آباد اور سکھر میں درجہ حرارت 47 ڈگری رہنے کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شدید گرم دن کے بعد شام یا رات میں پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف مقامات پر آندھی اور بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ لاہور میں آج 45، پشاور میں 42، اسلام آباد میں 40 جبکہ کوئٹہ میں 38ڈگری سینٹی گریڈ جتنی شدت کی گرمی محسوس کی جائیگی.مزید برآں لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، راجن پور، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور، سوات، تھرپارکر، میرپورخاص، حیدرآباد میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔