لاکھوں عازمین آج حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرینگے

دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام حج کا رکن اعظم یعنی ’وقوف عرفہ ‘ادا کرنے کیلئے میدان عرفات پہنچ گئے ، جہاں آج وہ ظہر سے عصر کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کرینگے اورخطبہ حج سنیں گے۔

ٹرین سروس


آج شام میدان عرفات میں موجود عازمین کو ٹرین سروس کے ذریعے عرفات سے وادی مزدلفہ پہنچایا جائیگا. جہاں وہ رات بسر کرینگے اور نماز فجر ادا کرتے ہی منیٰ کیلئے روانہ ہو جائینگے.

جبل رحمت

جبل رحمت
جبل رحمت

سعودی وزراتِ حج کی جانب سے میدان عرفات میں جبل رحمت پر چڑھنے اور اترنے کیلئے جداگانہ راستے بنائے گئے ہیں تاکہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ بآسانی پہاڑ پر چڑھ اور اتر سکیں۔

مسجد نمرہ


مسجد نمرہ دنیا کی وہ واحد مسجد ہے جو ہر سال صرف ایک دن یعنی یوم عرفہ کو کھولی جاتی ہے۔ یہاں خطبہ حج ادا کرنے کے بعد ظہر اورعصر کی نمازیں اکھٹی ادا کی جاتی ہیں۔

گزشتہ شب میدان عرفات پہنچنے والے عازمین رات ہی سے ذکر و اذکار اور دعاؤں میں مصروف ہیں جبکہ عازمین کی بڑی تعداد میدان عرفات میں موجود مسجد نمرہ پہنچ گئی ہے۔

میدان عرفات حدود حرم سے باہر

میدان عرفات کا مکہ مکرمہ سے فاصلہ اکیس (21) کلو میٹرکے قریب ہے جو مکہ سے مشرق کی جانب طائف کے راستے میں واقع ہے۔ حج مقامات میں میدان عرفات وہ واحد مقام ہے جو حدود حرم سے باہر ہے۔

میدان عرفات اور مزدلفہ

عازمین آج دن بھر ذکر اور دعائیں کرتے گزارینگے، اور سورج غروب ہوتے ہی میدان عرفات سے وادی مزدلفہ کیلئے روانہ ہوجائینگے.، جہاں پہنچ کر وہ مغرب اورعشا کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کرینگے اور رمی (شیطان کو پتھرمارنے) کیلئے کنکریاں چُنیں گے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں