وزیراعظم صے سمندر پار مقیم کشمیری کارکنوں کے وفد کی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی کی قیادت میں سمندر پار مقیم کشمیری کارکنوں کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کے تنازعہء جموں و کشمیر اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار کے بارے عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے کے لیے کشمیری کارکنوں کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر موقع پر کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی حمایت میں آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے 2022 کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی، شنگھائی تعاون تنظیم اور دیگر فورمز کے اجلاسوں کے موقع پر خطابات میں جموں و کشمیر کے لئے بھرپور آواز اٹھائی؛علاوہ ازیں عالمی رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں میں بھی کشمیر کاز کو بھر پور اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ حل پر منحصر ہے۔ وفد نے کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے وزیراعظم سے خطے کی تازہ ترین پیش رفت کے حوالے سے گفتگو کے علاوہ وزیر اعظم کو دنیا کے مختلف حصوں میں کشمیر کی آزادی کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔