ججز کا خط ،چیف جسٹس نے بڑا قدم اٹھالیا
اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کی جانب سے عدالتی امور میں مبینہ مداخلت سے متعلق خط پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ازخود نوٹس لے لیا۔یاد رہے کہ حکومت اس معاملے پر چیف جسٹس سے مشاورت کے بعد جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی پر مبنی ایک رکن انکوائری کمیشن تشکیل دے چکی ہے تاہم گذشتہ روز 300 سے زائد وکلا نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس معاملے پر از خود نوٹس لیں۔وکلاء کا مطالبہ تھا کہ چیف جسٹس آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت ازخود نوٹس لیں
جو عوامی مفادات کے متعلق ہے۔ججز کے خط کے معاملے پر چیف جسٹس نے اسلام آباد کی پرنسپل سیٹ پر موجود ججوں پر مشتمل 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا، 7 رکنی بینچ کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کریں گے۔اس کے علاوہ جسٹس منصور علی شاہ، یحییٰ خان آفریدی، جمال خان مندخیل، جسٹس اطہرمن اللہ، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی لارجر بینچ میں شامل ہیں۔وسپریم کورٹ کا 7 رکنی لارجر بینچ ججز کے خط کے معاملے کی سماعت بدھ کو ساڑھے 11 بجے کرے گا۔