بشری بی بی کی روبکار جاری نہ ہوئی، آج رہائی ممکن نہیں

بشری بی بی کی روبکار جاری نہ ہوئی، آج رہائی ممکن نہیں

توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے باوجود بشری بی بی کی رہائی آج ممکن نہیں۔

ذرائع کے مطابق بشری بی بی کی رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل نہ پہنچ سکی جس کے باعث آج رہائی ممکن نہیں۔ جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ بشری بی بی کی رہائی روبکار موصول ہوتے ہی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔

وکیل خالد یوسف چوہدری نے بتایا کہ جن ججز نے رہائی روبکار جاری کرنا تھی وہ دستیاب نہیں، متعلقہ جج کے دستخط کے بعد کل رہائی روبکار جاری ہونے کا امکان ہے، جج کی عدم دستیابی کے باعث بشریٰ بی بی کی رہائی کا قانونی عمل کل پورا کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق بشری بی بی کے وکلاء اور ضامن جوڈیشل کمپلیکس میں صبح سے شام تک موجود رہے لیکن ٹرائل کورٹ جج شاہ ارجمند جنازے میں شرکت کے لیے چلے گئے۔ ڈیوٹی جج بھی جنازے میں شرکت کی وجہ سے موجود نہ تھے۔

بشری بی بی کے وکلاء نے سیشن جج ویسٹ سے رابطہ کیا مگر ایف آئی اے کیسز الگ عدالت میں ہونے کے باعث سیشن جج نے بھی روبکار جاری نہ کیے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کی عوض بشری بی بی کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

دوران سماعت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ یہ تو جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی طرح کا کیس ہے، اُس کیس میں بھی شوہر کو بیوی کے کیے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، برطانوی وزیراعظم بھی تحائف اپنے ساتھ گھر لے گیا ہے، سب نے اسے کہا تو کہتا ہے کہ رولز کے مطابق لیا ہے، اُسے کہا گیا کہ رولز اپنی جگہ لیکن تمہارا ایک قد کاٹھ بھی ہے۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں