پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور تشکیل نو کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخظ

پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور تشکیل نو کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخظ

پاکستان اور ڈنمارک نے میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری اور تشکیل نو کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخظ کئے ہیں وزارت بحری امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حکومت پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر بحری امور قیصراحمد شیخ نے پائیدار انفراسٹرکچر پراجیکٹ کیلئے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پردستخط کیےجبکہ پاکستان میں تعینات ڈنمارک کے سفیر جیکب لنلف نے ڈنمارک کے وزیر صنعت، کاروبار اور مالیاتی امور کی جانب سے دستخط شدہ ایم او یو پیش کیا۔ اس مفاہمتی یادداشت کے بعد مارسک (ڈنمارک کی شپنگ کمپنی) پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں تقریباً 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے تیار ہے۔

اس سے قبل پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کے لئے اتنی بڑی سرمایہ کاری کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ مفاہمتی یادداشت کی اس تقریب میں وزیر خزان، جام کمال، احسن اقبال، وزیر صنعت و تجارت رانا تنویر، وزیر توانائی اویس لغاری، ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسد الرحمان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر قیصراحمد شیخ نے کہا کہ ہم میری ٹائم سیکٹر میں اس شاندار پیش رفت پر ڈنمارک کی حکومت کے بے حد مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس یادداشت کے نتیجے میں وزارت بحری امورتمام بندرگاہوں میں لاجسٹک کے نظام کو مربوط کرسکتی ہے،

بین الاقوامی بحری تنظیم اوریورپی یونین کے معیار کے مطابق گڈانی میں جہازوں کی ری سائیکلنگ کی سہولیات بہتربناسکتی ہے، پاکستان میرین اکیڈمی کے نصاب اور دیگر چیزوں میں جدت کے لانے کے ساتھ ساتھ بندرگاہوں کو مسلسل تکنیکی اور تربیتی مدد فراہم کرے گی۔قیصراحمد شیخ نے پاکستان کی شپنگ انڈسٹری میں مارسک کمپنی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کنٹینرائزڈ درآمدات اور برآمدات میں مارسک کے پاس سب سے زیادہ (بیس فیصد) مارکیٹ شیئر ہے۔

اس کے علاوہ اس کمپنی کا عالمی مارکیٹ میں سرمایہ تقریباً 175 بلین ڈینش کرون ہے۔ وزارت بحری اموراورڈنمارک کی حکومت اس مفاہتمی یادداشت کے لئے گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل کام کررہی تھی۔ پاکستان میں ڈنمارک کے سفیرجیکب لنلف نے بھی اس پیش رفت پر حکومت پاکستان اور وزیربحری امور کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں فریقین نے بحری شعبے کی ترقی کے لیے تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔

Author

اپنا تبصرہ لکھیں