پاکستان کی آذربائیجان کو جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی فروخت
آذربائیجان اور پاکستان کے مابین عسکری معاہدہ طے پا گیا ہے جسکے تحت پاکستان آذربائیجان کو فضائی قوت میں اضافے کیلئے جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیارے فروخت کریگا. آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق، دوست ممالک کیساتھ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان نے آذربائیجان کی فضائی طاقت کو بڑھانے کیلئے جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی فروخت کے معاہدے پر حال ہی میں دستخط کئے تھے۔آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کو حالیہ دورہ پاکستان کے دوران جے ایف-17 بلاک تھری لڑاکا طیاروں کی جنگی صلاحیتوں اور دیگر مقاصد کیلئے اسکے استعمال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ صدر الہام علیوف کے دورے کے بعد حکومت آذربائیجان کی درخواست پر پاکستان نے پاک فضائیہ کا ایک دستہ باکو میں ایڈیکس-2024 میں شرکت کیلئے بھیجا جس میں پاک فضائیہ نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور جے ایف-17 تھنڈر بلاک-تھری کی نمائش بھی کی۔
باکو میں تعیناتی کا حکم ملنے کے بعد جے ایف-17 نے پی اے ایف ملٹی رول ٹینکر ٹرانسپورٹ (ایم آر ٹی ٹی) طیارے سے آذربائیجان کیلئے ایئر ٹو ایئر فیولنگ بھی انجام دیکر طویل فاصلے تک پہنچنے کی صلاحیت کا مظاہرہ بھی کیا۔ صدر الہام علیوف نے جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری کی نمائش کا دورہ کرنیکے بعد جے ایف-17 تھنڈر کیجانب سے فضائی مظاہرے کا مشاہدہ بھی کیا جس میں پاک فضائیہ کے پائلٹس نے بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتیں دکھاتے ہوئے طیارے کی تیزرفتاری اور دشمن سے نمٹنے کی صلاحیت کا شاندار مظاہرہ کیا۔
جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری ایک اے ای ایس اے ریڈار اور لانگ رینج بی وی آر سے لیس 4.5 جنریشن کا ملٹی رول لڑاکا طیارہ ہے جو عصری فضائی طاقت فراہم کرتے ہوئے جنگی مشن سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آذربائیجان کے بیڑے میں اسکی شمولیت سے اسکی قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملیگی۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ پاکستان کیجانب سے فراہم کردہ حمایت دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ عسکری تعاون کو مضبوط، دفاعی تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریگی.